31 مئی 2014 - 06:02
امریکہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلاء کے پروگرام کی وضاحت کرے

چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلاء کے بارے میں صاف و شفاف پروگرام پیش کرے ۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کین گانگ نے بیجنگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ چین افغانستان کی ارضی سالمیت ، امن و استحکام اور حاکمیت کے حق کا احترام کرتا ہے اور اسے امید ہے کہ امریکہ بھی افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلاء کا واضح پروگرام پیش کرے گا۔ کین گانگ نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع اور 2016 ميں امریکی فوجیوں کے انخلاء پر مبنی امریکہ کی نئی پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ اس مدت میں افغانستان میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال بحال کرے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی فوجیں دوہزار پندرہ تک افغانستان میں تعینات رہیں گے۔ اوباما کا کہنا تھا کہ آئندہ عیسوی سال سے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی ذمہ داری ختم ہوجائے گي اور ملک کی سیکیورٹی کا انتظام افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا جائے گا۔ اور دوہزار سولہ کے بعد صرف ایک ہزار امریکی فوجی افغانستان میں رہیں گے جو امریکی سفارت خانے اور دیگر حساس اداروں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری نبھائيں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ پروگرام اسی صورت میں لاگو ہوسکتا ہے جب سکیورٹی معاہدے پر دستخط ہوجائیں۔

.......

/169